بلوچستان میں دہشت گردوں کا تعمیراتی کیمپ پر حملہ، 18 مزدور اغوا کرکے فرار
Terrorists attack construction camp in Balochistan, kidnap 18 workers and escape
بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مزدوروں کے اغوا کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوگیا۔
حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے 18 مزدوروں کو اغوا کر لیا دہشت گرد متعدد گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگا کر مزدوروں سمیت فرار ہوگئے۔
ایک ہفتے کے اندر بلوچستان میں مزدوروں کے اغوا کا دوسرا بڑا واقعہ ہے جس سے علاقے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ جمعرات کی رات خضدار سے تقریباً 80 کلومیٹر دور تحصیل نال کے علاقے کلیڑی میں پیش آیا۔ درجنوں مسلح افراد نے سب سے پہلے شاہراہ کو بلاک کر کے ٹریفک روک دی اور پھر ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ اور کرش پلانٹ پر دھاوا بولا۔ یہ کمپنی خضدار کو ضلع واشک کے علاقے بسیمہ سے جوڑنے والی اہم سڑک کی تعمیر پر کام کر رہی تھی جو صوبے کی ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے۔
علاقے کے لیویز انچارج علی اکبر کے مطابق حملہ آوروں نے کرش پلانٹ پر حملہ کر کے وہاں موجود گاڑیوں اور مشینری کو آگ لگا دی۔ مسلح افراد کیمپ میں موجود مزدوروں کو زبردستی اپنے ساتھ لے کر فرار ہو گئے، اغوا کیے گئے مزدوروں میں سے زیادہ تر کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔
تعمیراتی کمپنی ڈی بلوج کے منیجر ذوالفقار احمد نے تصدیق کی کہ ابتدائی طور پر مسلح افراد نے 20 مزدوروں کو اغوا کیا تھا، تاہم بعد میں دو مزدوروں کو چھوڑ دیا گیا۔ باقی 18 مزدور اب بھی لاپتا ہیں اور ان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی شروع کردی۔ لیویز، (ایف سی) اور سی ٹی ڈی کے اہل کار موقع پر پہنچے، علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاش شروع کردی گئی۔
حکام کے مطابق مزدوروں کی بازیابی کے لیے مقامی اور قبائلی عمائدین کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ابھی تک کسی بھی تنظیم نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ نال کے علاقے میں بلوچ مسلح گروپ سرگرم ہیں جو ماضی میں بھی تعمیراتی کمپنیوں، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر حملے کرتے رہے ہیں۔
چند روز قبل مستونگ کے علاقے دشت میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کام پر مصروف 9 مزدوروں کو اغوا کر لیا تھا، جن کا اب تک کوئی پتا نہیں چل سکا۔ چند روز میں اغوا کیے گئے مزدوروں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









