ہفتہ، 25-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/05/03هـ (25-10-2025م)

جنگ بندی؛ پاک افغان مذاکرات کا دوسرا دور استنبول میں جاری

25 اکتوبر, 2025 18:52

انقرہ: پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور استنبول  کے مقامی ہوٹل میں جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان مذاکرات استنبول کے مقامی ہوٹل میں ہورہے ہیں جس کی میزبانی ترکیہ کے اعلیٰ حکام کررہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے  2 رکنی وفد مذاکرات میں شریک ہے جبکہ افغانستان کی طرف سے نائب وزیرداخلہ رحمت اللہ مجیب وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ مذاکرات میں قطر میں افغان سفارت خانے کے قائم مقام سربراہ ، افغان وزیر داخلہ کے بھائی انس حقانی، نور احمد نور،  وزارت دفاع کے عہدیدار نور الرحمان نصرت اور  افغان حکومت کے وزارت خارجہ کے ترجمان بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستانی حکام ان مذاکرات کے لیے اپنی تجاویز لے کر گئے ہیں جن میں افغانستان سے پاکستان میں دہشتگرد حملے، ان کی مانیٹرنگ اور اس حوالے سے میکنزم کو حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں ایک میکنزم تشکیل دیا جارہا ہے جس میں دہشتگردی کے حوالے سے مانیٹرنگ شامل ہیں۔

 پاک افغان کشیدگی کے باعث چمن، خیبر، جنوبی و شمالی وزیرستان اور ضلع کرم کی سرحدی راستے 14 ویں روز بھی بند ہیں۔ باب دوستی طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ اور غلام خان سرحد پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

یاد رہےکہ قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں پاکستان اورافغانستان کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔