ہفتہ، 25-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/05/03هـ (25-10-2025م)

افسوس ہے بلوچستان کی دولت ابھی بھی زمین کے اندر دفن ہے،وزیر اعظم

25 اکتوبر, 2025 11:30

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افسوس ہے بلوچستان کی دولت ابھی بھی زمین  کے اندر دفن ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، اور ملکی ترقی میں اس کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ رہنماؤں نے رضا کارانہ طور پر پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا، جو قومی یکجہتی کی روشن مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے بلوچستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، مگر افسوس کہ صوبے کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان کو نظر انداز کیا جانا خود احتسابی کا لمحہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی فراہمی اب بھی بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی خوشحالی سے جڑی ہے، انہوں نے 2010 میں پنجاب کی جانب سے نیشنل فنانس کمیشن (NFC) ایوارڈ میں دی گئی قربانی کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے درمیان اتفاق رائے ہی پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے، تاہم بلوچستان کی جغرافیائی ساخت ترقی کی راہ میں چیلنج بنی ہوئی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا، مگر بدقسمتی سے یہ خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی ادارے امن و استحکام کے لیے اپنی قربانیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔