24 اکتوبر 1947 — آزاد جموں و کشمیر کے قیام کا دن، ایمان، قربانی اور عزم کی لازوال داستان
WebDesk
25 اکتوبر, 2025 21:20
آزاد کشمیر کے 78ویں یومِ تاسیس پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی
سری نگر: 24 اکتوبر 1947 وہ دن ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا۔
یہی وہ دن ہے جب کشمیری مسلمانوں نے ڈوگرہ راج کے تسلط سے آزادی حاصل کرتے ہوئے آزاد ریاست جموں و کشمیر کی بنیاد رکھی۔ یہ دن نہ صرف آزادی کی علامت ہے بلکہ ایمان، قربانی اور عزم کی ایک لازوال داستان بھی ہے۔
اکتوبر 1947 میں جب چند جانثار مجاہدین نے میدانِ جہاد میں قدم رکھا تو دنیا نے دیکھا کہ جذبۂ ایمانی اور عزمِ حریت کو کسی طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔ اگر اُس روز آزاد ریاست کا قیام عمل میں نہ آتا تو مسئلہ کشمیر شاید کبھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر نہ ہوتا۔
تاریخی حقائق اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر 1947 کے دوران بھارتی فوج کو کشمیر میں تعینات کر دیا گیا تھا، جبکہ اگست تا اکتوبر 1947 کے عرصے میں جموں میں دو لاکھ 37 ہزار سے زائد مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق اُس وقت کی حکومت نے مہاراجہ ہری سنگھ کے ساتھ ملی بھگت سے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنانے کی مذموم کوشش کی، جبکہ شیخ عبداللہ کے کردار نے کشمیری مسلمانوں کو اپنے حقِ خودارادیت کی جنگ لڑنے پر مجبور کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے بہادر عوام نے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان کی قربانیوں سے یہ خطہ ہمیشہ کے لیے حریت، استقامت اور قربانی کی علامت بن گیا۔
آج، 24 اکتوبر کے دن، آزاد جموں و کشمیر کی سرزمین شہداء کے خون اور مجاہدین کے عزم سے منور ہے — ایک ایسی سرزمین جو دنیا کے نقشے پر حریت اور آزادی کی روشن مثال کے طور پر قائم ہے۔