ہفتہ، 25-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/05/03هـ (25-10-2025م)

ترکیہ میں آج پاکستان، افغان طالبان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ، مانیٹرنگ میکنزم ایجنڈے میں شامل

25 اکتوبر, 2025 08:02

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اہم دور آج ترکیہ کے شہر استنبول میں ہوگا، جہاں دونوں فریقین کے درمیان سرحد پار دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے اور ایک مؤثر مانیٹرنگ میکنزم کے قیام پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی اور طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات چیت علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کا بنیادی مقصد افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں کو روکنا اور مزید جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے ایک ٹھوس، شفاف اور قابلِ تصدیق نگرانی کا نظام وضع کرنا ہے۔

پاکستانی مؤقف کے مطابق دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی اور مانیٹرنگ سسٹم کا قیام دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان پہلا دورِ مذاکرات قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ میں ہوا تھا، جس کے نتیجے میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا اور فریقین نے بات چیت کے تسلسل کا عندیہ دیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔