ہفتہ، 25-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/05/03هـ (25-10-2025م)

بڑی خوشخبری؛ پاکستانیوں کیلئے ترکی کا ویزہ حاصل کرنے کا مکمل طریقہ سامنے آگیا

25 اکتوبر, 2025 10:50

پاکستانی شہریوں کے لیے ترکی کا سیاحتی ویزہ حاصل کرنے کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ ترکی کی حکومت نے ویزہ درخواستوں کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے ترکی کے تمام ویزہ درخواستیں اناطولیہ ویزہ ایپلی کیشن سینٹرز کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ یہ مراکز اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہروں میں قائم ہیں۔ ترکی کا سفارتخانہ براہِ راست ویزہ درخواستیں قبول نہیں کرے گا۔

درخواست گزاروں کو ویزہ حاصل کرنے کے لیے چند لازمی دستاویزات جمع کرانی ہوں گی، جن میں پاسپورٹ، دو حالیہ تصاویر، بینک اسٹیٹمنٹ، ٹریول ہیلتھ انشورنس، ہوٹل بکنگ کی تصدیق شدہ کاپی اور واپسی کی فلائٹ ٹکٹ شامل ہیں۔ درخواست کے دوران بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگلیوں کے نشانات بھی لیے جائیں گے۔

ویزہ فیس پاکستانی روپے میں نقد ادا کی جائے گی۔ موجودہ شرح کے مطابق سنگل انٹری ویزہ کی فیس 60 امریکی ڈالر جبکہ ملٹی پل انٹری ویزہ کی فیس 190 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اناطولیہ ویزہ سینٹر سروس فیس بھی وصول کرتا ہے، جو عام درخواستوں کے لیے کم جبکہ وی آئی پی پروسیسنگ کے لیے تقریباً 65 سے 80 ڈالر تک ہے۔ وی آئی پی سروس میں تیز تر پروسیسنگ اور اضافی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ترک حکام کے مطابق ویزہ درخواستوں کی جانچ پڑتال کا عمل عموماً دو سے تین ہفتے لگتا ہے۔ اگر تمام دستاویزات مکمل ہوں تو پاکستانی شہری آسانی سے ترکی کا سیاحتی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔

سیاحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ترکی اپنی تاریخی مساجد، خوبصورت مناظر اور منفرد ثقافت کی بدولت پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش منزل بن چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔