منگل، 28-اکتوبر،2025
منگل 1447/05/06هـ (28-10-2025م)

ایف بی آر کا ٹیکس چوری کی جانچ کے لیے بڑے پیمانے پر آڈٹ پلان تیار

28 اکتوبر, 2025 09:30

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اب تک 55 لاکھ انکم ٹیکس ریٹرنز موصول ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً 33 فیصد (17 لاکھ سے زائد) ریٹرنز میں آمدن صفر یا بہت کم بتائی گئی ہے۔

ادارے نے اپنی جانچ میں یہ بھی نوٹ کیا ہے کہ تقریباً 9 لاکھ 77 ہزار لوگوں نے اس مالی سال میں گزشتہ سال کی نسبت کم آمدن ظاہر کی ہے، جسے ایف بی آر نے خدشے کی نشانیاں قرار دیا ہے۔

ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں ادارے نے وسیع پیمانے پر آڈٹ کے پلان کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے ریٹرن فائلرز کو تین یاددہانی پیغامات ارسال کیے ہیں اور 31 اکتوبر 2025 کی حتمی تاریخ گزرنے کے بعد وہ انہی ٹیکس دہندگان کو نوٹس بھیجے گا جنہوں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں کم آمدن ظاہر کی ہے تاکہ وہ اپنی ریٹرنز درست کریں، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ادارے نے آڈٹ کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے 2000 آڈیٹرز کی خدمات حاصل کر لی ہیں تاکہ موجودہ مالی سال کے لیے مؤثر آڈٹس کیے جا سکیں۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ اسے ٹیکس دہندگان کے مالی لین دین اور دیگر متعلقہ ڈیٹا تک مکمل رسائی حاصل ہے، اس سلسلے میں 8 لاکھ 53 ہزار ریٹرن فائلرز کو پہلے ہی پیغامات بھیجے جا چکے ہیں جن میں متوقع آمدن کا تخمینہ بھی شامل کیا گیا ہے اور انہیں متنبہ کیا گیا کہ اپنی ریٹرنز احتیاط سے دوبارہ دیکھ لیا کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جو معلومات ریٹرنز سے حاصل ہو رہی ہیں انہیں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور ناقابلِ ٹیکس آمدن کو قابلِ ٹیکس بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔