منگل، 28-اکتوبر،2025
منگل 1447/05/06هـ (28-10-2025م)

شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

28 اکتوبر, 2025 11:09

حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں نادرا کا نیا رجسٹریشن سینٹر کھل گیا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو قومی شناختی کارڈز اور دیگر شناختی دستاویزات اپنے ہی علاقے میں حاصل کرنے کی بہتر سہولت ملے گی۔

اس سینٹر کا افتتاح حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کاشف علی شیرو نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں نادرا سندھ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی خان، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن پریٹ آباد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ میئر کاشف علی شیرو نے اس موقع پر کہا کہ نئے سینٹر کے قیام سے شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول میں آسانی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پریٹ آباد میں سینٹر کا قیام شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر کیا گیا تھا۔

ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے اس سینٹر میں جدید سروس کاؤنٹرز کی موجودگی کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس میں 10 کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں بیک وقت 300 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق یہ نیا سینٹر نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس کراچی اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز کی خدمات پریٹ آباد، پھلیلی، ہالا ناکہ، پکا قلعہ، لیاقت کالونی اور نیا حیدرآباد سٹی کے رہائشیوں کو بآسانی دستیاب ہوں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔