اگر گاڑی آپ کے نام ہے مگر چلا کوئی اور رہا ہے تو ای چالان کس کو ملے گا؟ وزیر داخلہ سندھ نے بتادیا
If the vehicle is in your name but someone else is driving it, who will receive the e-challan? The Sindh Interior Minister has revealed the answer
کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد شہریوں میں یہ سوال اٹھ رہا تھا کہ اگر گاڑی کسی دوسرے شخص کے نام پر ہو لیکن گاڑی کو کوئی اور شخص چلا رہا ہو، تو چالان کس کو ملے گا؟ اس سوال کا جواب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے دیدیا ہے۔
وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ای چالان سسٹم کو گزشتہ روز باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت شہر میں تقریباً 10 ہزار جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جن میں نائٹ وژن کیمرے بھی شامل ہیں جو سیف سٹیز منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں نصب کیے جا رہے ہیں۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ای چالان سسٹم سے کراچی میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ تین تلوار کے مقام پر ای چالان سسٹم کا افتتاح کر رہے تھے، تو وہاں سگنل کی خلاف ورزی ہو رہی تھی، جس پر فوری طور پر چالان کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اگر گاڑی کی فروخت کے بعد اس کی مالکانہ حیثیت (اونرشپ) تبدیل نہیں کی گئی، تو چالان گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کے نام پر جائے گا، چاہے گاڑی کو کوئی اور شخص چلا رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے اپیل کا حق بھی دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 11 اپیل مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کی درخواستوں کا جائزہ ایس ایس پی اور دو ڈی ایس پی کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کے لیے کراچی میں رفتار کی حد 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک سے متعلق سائن بورڈز بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی میں آسانی ہو۔
کراچی کے نوجوان عرفان کی موت کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے 30 دن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انکوائری سیشن جج ساؤتھ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعے میں کوئی ناانصافی ہوئی ہے تو والدین کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور معاملے کو جوڈیشل کمیشن کے سپرد کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










