جمعرات، 30-اکتوبر،2025
بدھ 1447/05/07هـ (29-10-2025م)

چودھری یاسین پیپلزپارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نامزد

29 اکتوبر, 2025 19:24

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کے سلسلے میں وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری  محمد یاسین کے نام کو حتمی طور پر فائنل کر لیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق چودھری محمد یاسین کے نام کا اعلان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں کیا گیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صوبائی قیادت بھی موجود تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے لیے پارٹی میں 4 ناموں پر غور کیا گیا جن میں چودھری محمد یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب شامل تھے تاہم مشاورت کے بعد قیادت نے چودھری محمد یاسین کو متفقہ طور پر وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کر دیا۔

 

پارٹی ذرائع کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کل (جمعرات) کے روز آزاد کشمیر اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں حکومت کی تبدیلی کے امکانات پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔

پروفائل : چودھری  محمد یاسین

چودھری محمد یاسین کا تعلق ضلع کوٹلی سے ہے اور وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک نمایاں اور سینئر رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔

چودھری محمد یاسین کئی بار اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور ماضی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

سیاسی بصیرت، تنظیمی صلاحیت اور عوامی رابطوں کے حوالے سے چوہدری  محمد یاسین کو آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک مضبوط اور تجربہ کار رہنما کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔