جمعرات، 30-اکتوبر،2025
بدھ 1447/05/07هـ (29-10-2025م)

افغانستان کیساتھ مذاکرات ناکام؛ پاکستان کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان

29 اکتوبر, 2025 07:51

وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

 تفصیلات کےمطابق وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ افغانستان کیساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے، پاکستان کے عوام کی سلامتی قومی ترجیح ہے، حکومت دہشت گردی کیخلاف ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کو نیست و نابود کیا جائے گا، طالبان حکومت افغان عوام کی نمائندہ نہیں، افغان طالبان حکومت اپنی بقا کیلئے جنگی معیشت پرانحصارکرتی ہے، افغان طالبان، افغان عوام کوغیرضروری جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان عوام کے امن و خوشحالی کیلئے قربانیاں پیش کیں، پاکستان نے افغان طالبان کے ساتھ متعدد مذاکرات کیے، افغان طالبان نے مذاکرات میں پاکستان کے نقصانات سے بے نیازی دکھائی، چار برسوں  کی جانی و مانی قربانیوں کے بعد پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

    وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ قطر اور ترکیہ کی درخواست پر پاکستان نے امن کیلئے ایک اور موقع دیا، دوحہ اور استنبول میں مذاکرات کا واحد ایجنڈا افغانستان سے دہشتگردی روکنا تھا، مذاکرات کے دوران افغان طالبان نے پاکستان کے منطقی اور جائز مطالبات تسلیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پیش کیے، افغان طالبان اور میزبان ممالک نے پاکستان کے شواہد تسلیم کیے مگر کوئی یقین دہانی نہ کرائی گئی، افغان وفد نے مذاکرات کے بنیادی مدے سے انحراف کیا اور ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کیا۔

   عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان نے الزام تراشی، ٹال مٹول اور حیلے بہانوں کا سہارا لیا اور مذاکرات کسی قابلِ عمل نتیجے پر نہ پہنچ سکے، پاکستان قطر، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کا ان کی مخلصانہ کوششوں پر شکر گزار ہے، پاکستان کے عوام کی سلامتی قومی ترجیح ہے اور حکومت دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا، حکومت پاکستان دہشت گردوں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کو نیست و نابود کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔