جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

الیکشن بیانیے سے نہیں اپنی کارکردگی سے جیتا ہے، مریم نواز

24 نومبر, 2025 15:02

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن بیانیے سے نہیں اپنی کارکردگی سے جیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ضمنی الیکشن دراصل ضمنی انتخاب نہیں بلکہ ریفرنڈم تھا جس میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ سنایا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 2024 کے عام انتخابات میں جن نشستوں پر شکست ہوئی تھی، وہ اب تاریخی کامیابی کے ساتھ دوبارہ جیت لی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ن لیگ کو کامیاب کیا، ہم نے الیکشن بیانیے سے نہیں، اپنی کارکردگی سے جیتا ہے، کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہوسکتا۔

وزیر اعلیٰ نے پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے دعوؤں کو منافقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکست کے بعد بائیکاٹ کا بہانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا اور ہار گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سی پیک بن رہا تھا اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن 2018 میں ترقی کرتا پاکستان ڈی ریل کردیا گیا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے پی میں منصوبے شروع ہونے سے پہلے کرپشن کی نذر ہوجاتے تھے اور صوبہ پی ٹی آئی کے دور میں “پتھر کے زمانے میں چلا گیا۔”

ان کا کہنا تھا کہ حالات خراب ہونے کی وجہ سے ہری پور کے عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں مریضوں کو ادویات گھر تک فراہم کی جارہی ہیں جبکہ کلینک آن ویلز اور موبائل اسپتالوں کے ذریعے دو کروڑ افراد کو علاج کی سہولت ملی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح 70 فیصد کم ہوئی ہے اور آج خواتین خود کو زیادہ محفوظ سمجھتی ہیں۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں بھی بہتری لائی جارہی ہے اور لاہور میں 70 ہزار بچوں کو اسکول میل پروگرام کے تحت لنچ فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تاریخی سیلاب آیا لیکن حکومت نے مؤثر اقدامات سے صورتحال کو سنبھالا۔

اسموگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دنیا حیران ہے کہ ایک سال کے اندر پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ کیسے کنٹرول ہوا اور اس سال کسی اسکول یا کاروبار کو بند نہیں کرنا پڑا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ چاہے شہباز شریف حکومت میں ہوں یا وہ خود، حکومت دراصل نواز شریف کی ہی ہے اور دیگر صوبے بھی پنجاب کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔