جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

پشاور: ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 ایف سی اہلکار شہید

24 نومبر, 2025 15:00

پشاور: صدر علاقے میں فیڈرل کانسٹیبلری (FC) ہیڈ کوارٹرز پر آج ایک خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر تین خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا۔ ایک خودکش بمبار نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اُڑا دیا جبکہ دو اندر داخل ہوکر فائرنگ کرتے رہے۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید ہوگئے، سیکیورٹی فورسز نے دونوں اندر موجود حملہ آوروں کو ہلاک کردیا اور ان کے قبضے سے دو خودکش جیکٹس اور آٹھ ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں حوالدار عالمزیب، سپاہی ریاست اور سپاہی الطاف شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک زیک، سپاہی ارشد، سپاہی عطاء اللہ اور سپاہی عرفان شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو LRH منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کی کنڈیشن اسٹیبل ہے۔

حملہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا، مگر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے اسے ناکام بنا دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز حکام کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے۔

پشاور حملے کی دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی

 فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز کے گیٹ پر خودکش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کے ٹکرانے کے بعد شدید دھماکہ ہوا اور دھواں اٹھا۔

دھماکے کے بعد بھی ٹریفک رواں دواں نظر آئی، اور فوری طور پر سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کی نگرانی شروع کر دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے ہیڈ کوارٹرز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچا جا سکا۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا اور حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

صدر مملکت کی پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری نے پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے فتنہ الخوارج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ حملہ وطن عزیز کے خلاف خارجی دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے اور سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بروقت کارروائی قابل تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملے سے متعلق ابتدائی معلومات سامنے آگئی

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور تینوں خودکش بمبار تھے اور جدید اسلحہ اور بارودی جیکٹس سے لیس تھے۔

دہشت گردوں کا مقصد ایف سی افسران اور حساس تنصیبات کو نقصان پہنچانا تھا، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام رہا۔

حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا اور مکمل کلیئرنس حاصل کر لی گئی، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے ممکنہ نیٹ ورک کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں دہشت گرد افغانی تھے، ان دہشت گردوں سے کارروائی کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔