بحرین کیجانب سے شہباز شریف کو خصوصی ‘آرڈر آف بحرین’ اعزاز سے نوازا گیا
بحرین کیجانب سے شہباز شریف کو خصوصی ‘آرڈر آف بحرین’ اعزاز سے نوازا گیا
بحرین: وزیراعظم شہباز شریف کو بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ملک کے سب سے بڑے اعزاز ’آرڈر آف بحرین – فرسٹ کلاس‘ سے نوازا۔
یہ اعزاز عالمی رہنماؤں کو دیا جانے والا بحرین کا سب سے اعلیٰ سول ایوارڈ سمجھا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے دورہ بحرین کے دوران شاہ حمد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور اعزاز پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔
ملاقات میں سیاسی، تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان غذائی تحفظ، آئی ٹی، کان کنی، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کنگ حمد یونیورسٹی سمیت دیگر منصوبوں میں بحرین کے تعاون کو سراہا اور اس تاریخی حوالے کا بھی ذکر کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ایک وقت میں بحرین کی قانونی نمائندگی کی تھی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال، خصوصاً غزہ کے حالات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
بعدازاں ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ بحرین کا آج کا دورہ انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا اور ’آرڈر آف بحرین‘ کا اعزاز ملنا اُن کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور ثقافت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








