جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں شادی کا ہال میدان جنگ بن گیا، فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی

28 نومبر, 2025 08:20

کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں شادی کی خوشیوں پر اس وقت سکتہ طاری ہوگیا جب مہمانوں کے درمیان تلخ کلامی اچانک مسلح تصادم میں تبدیل ہوگئی، فائرنگ سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

علاقے کے رہائشیوں کے مطابق تقریب میں ابتدا میں ہونے والا تنازع معمولی نوعیت کا تھا، تاہم کچھ ہی دیر بعد حالات بگڑ گئے اور فائرنگ شروع ہوگئی، موقع پر موجود 35 سالہ نوروز خان ولد فیروز خان گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

گولیاں لگنے سے قریبی کھڑی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، جبکہ اطلاع ملتے ہی چھیپا ایمبولینسز اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق زخمیوں میں 40 سالہ وحید، 35 سالہ فیضان، 25 سالہ عبداللہ، 35 سالہ عرفان، 20 سالہ شاکر، 10 سالہ عرفان اور 30 سالہ باسط شامل ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ بظاہر ذاتی جھگڑے کا نتیجہ دکھائی دیتا ہے، تاہم اصل صورتحال جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔