پاکستان کی تاجکستان میں چینی شہریوں پر حملے کی سخت مذمت
پاکستان کی تاجکستان میں چینی شہریوں پر حملے کی سخت مذمت
اسلام آباد: پاکستان نے تاجکستان کی سرحد کے قریب چینی شہریوں پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور قابلِ نفرت کارروائی قرار دیا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق تین چینی شہریوں کی ہلاکت کے واقعے نے خطے میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خدشات کو مزید واضح کر دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ افغان سرزمین سے کیا گیا، جو پوری عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کے استعمال نے خطرے کی سنجیدگی میں اضافہ کر دیا ہے اور یہ صورتحال خطے کی سلامتی کے لیے سنگین چیلنج ہے۔
پاکستان نے چینی اور تاجک عوام، حکومتوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بخوبی سمجھتا ہے کہ ایسے حملوں کا درد کیا ہوتا ہے، کیونکہ وہ خود بھی افغانستان سے ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں مل رہی ہیں اور طالبان انتظامیہ ان کی میزبانی میں ناکام نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر، شفاف اور تصدیق شدہ کارروائی وقت کی ضرورت ہے۔
دفترخارجہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے چین اور تاجکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ تاجک حکام کے مطابق یہ حملہ افغانستان کی جانب سے ڈرون کے ذریعے ایک چینی کمپنی پر کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین چینی شہری ہلاک ہوئے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








