جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

سہیل آفریدی کرپشن کیس میں سزا کاٹنے والے بانی سے سیاسی رہنمائی لینا چاہتے ہیں، عطا تارڑ

28 نومبر, 2025 12:00

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کرپشن کیس میں سزا کاٹنے والے بانی سے سیاسی رہنمائی لینا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کی ہے، اور ان کے حالیہ رویے کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی توجہ امن و امان کے بجائے غیر قانونی مطالبات پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح عوام کی فلاح اور امن و امان کے بجائے ایک غیر قانونی بیانیہ کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سزا کاٹنے والے شخص سے سیاسی رہنمائی لینا جیل رولز کی خلاف ورزی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف قانونی طور پر غلط ہے بلکہ ملک کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون سیاستدان نے افغان اکاؤنٹ سے پاکستان دشمن مہم چلائی، جس کے ذریعے دنیا میں پاکستان کی بدنامی کی کوشش کی گئی، پی ٹی آئی کا یہ طرز عمل ملک دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے آخر میں پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن بیانیے کو ترک کرے اور ریاست اور عوام کے مفاد کو مقدم رکھے تاکہ پاکستان کی ساکھ اور استحکام کو نقصان نہ پہنچے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔