خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغانیوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے؛ محسن نقوی نے فائنل وارننگ دے دی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی افغانیوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے افغان شہریوں کا انخلا بغیر رکاوٹ جاری ہے، تاہم خیبرپختونخوا میں اس حوالے سے مشکلات درپیش ہیں۔
محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں ملوث حملہ آور کا تعلق افغانستان سے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز اور اسلام آباد میں حالیہ حملوں میں بھی افغان شہری ملوث پائے گئے، اب جو بھی افغانستان سے پاکستان واپس آنے کی کوشش کرے گا، اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔
وزیرداخلہ کے مطابق اپریل 2025 تک 11 لاکھ افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی 90 فیصد خبریں غلط ہیں، اور فیک نیوز کے حوالے سے این سی سی آئی آئی کو واضح اختیارات حاصل ہیں، جو بھی غلط خبریں پھیلائے گا، وہ خود اس کا ذمہ دار ہوگا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ مسافروں کی آف لوڈنگ کا مسئلہ بھی سامنے آیا ہے، اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے ایک مسافر کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بند کیے گئے کچھ کیمپ اب بھی خیبرپختونخوا میں فعال ہیں، جس کے باعث کئی انتظامی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے زور دیا کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی اور ملک کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









