خیبرپختونخوا حکومت کا ہری پور میں ضمنی انتخابات کی شفافیت کی جانچ کے لیے انکوائری کرانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت کا ہری پور میں ضمنی انتخابات کی شفافیت کی جانچ کے لیے انکوائری کرانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے ہری پور کے حلقہ این اے 18 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی شفافیت کی جانچ کے لیے انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس سلسلے میں احکامات جاری کر دیے ہیں اور دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھی بھیجا جائے گا۔
اس ضمن میں پاکستان الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی آر او اور آر او کی تعیناتی کو سازش قرار دینا حقیقت کے منافی ہے، کیونکہ ہر ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے افسران ہی ضابطے کے مطابق فرائض انجام دیتے ہیں۔ این اے 18 میں بھی وہی طریقہ کار اختیار کیا گیا اور پولنگ کے دن کسی سیاسی جماعت نے تعیناتی پر اعتراض نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ فارم 45 پہلے سے تیار ہونے کے الزامات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ پولنگ بیگز اور نتائج آر او آفس میں جمع کرائے گئے اور سکیورٹی انتظامات بھی صوبائی حکومت نے فراہم کیے۔
ترجمان نے کہا کہ ہر الیکشن کے بعد ایسے الزامات دہرانا جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، اور اگر کسی جماعت کو اعتراض ہو تو وہ الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرے۔
الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ ضمنی انتخابات آئین و قانون کے مطابق ہوئے اور مستقبل میں بھی سختی سے قوانین پر عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









