منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری؛ نادرا کا تاریخی اقدام

02 دسمبر, 2025 15:46

نادرا نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیدائش اور اموات کے مکمل ریکارڈ کو خودکار بنانے کے لیے جدید نظام متعارف کروا دیا ہے۔

ڈی جی نادرا پنجاب فضہ شاہد کی نگرانی میں سی آر وی ایس (Civil Registration and Vital Statistics) پروگرام کا دو سالہ منصوبہ باضابطہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس نظام کے تحت پنجاب کے 4,500 سے زائد اسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کو نادرا کے مرکزی سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے۔

اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اسپتال میں پیدائش یا موت کا ڈیٹا فوری طور پر متعلقہ یونین کونسل کو منتقل ہو جائے گا۔ اس عمل سے کاغذی کارروائی میں ہونے والی تاخیر اور غیر ضروری پیچیدگیاں ختم ہو جائیں گی۔ نادرا کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کی درستگی اور رفتار دونوں میں بڑی بہتری آئے گی۔

شہری اب یونین کونسل کے دفتر کے ساتھ ساتھ نادرا موبائل ایپ کے ذریعے بھی پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ حکام نے بتایا کہ لیڈی ایچی سن اسپتال میں پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور اب پورے صوبے میں اس نظام کو تیزی سے فعال کیا جا رہا ہے۔

ڈی جی نادرا پنجاب کے مطابق اس جدید نظام کے بعد پنجاب میں 100 فیصد رجسٹریشن کا ہدف قابلِ عمل ہو جائے گا۔ نادرا کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسی سسٹم کو ملک بھر میں پھیلانے کا منصوبہ بھی موجود ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔