منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلئے بڑی خبر؛ نادرا کا اہم اعلان

02 دسمبر, 2025 11:11

نادرا نے شناختی نظام میں اہم ریگولیٹری اصلاحات متعارف کروا دی ہیں۔

نادرا اتھارٹی بورڈ نے ریگولیٹری اصلاحات کی منظوری دی ہے، جس کے بعد انہیں گزٹ آف پاکستان میں شائع کیا گیا۔ نئے ضوابط میں شناختی دستاویزات کی تصدیق کے طریقہ کار کو باقاعدہ شکل دی گئی ہے۔ اس کے تحت ریکارڈ کے جائزے، تحقیقات اور سماعت کے لیے خصوصی ویری فکیشن بورڈز قائم کیے گئے ہیں۔ یہ بورڈز حتمی فیصلے بھی جاری کریں گے۔

اصلاحات میں شناختی کارڈ کے بنیادی اصولوں اور اہم تعریفوں کو بھی زیادہ واضح کر دیا گیا ہے۔ اضافی یا متروک شناختی کارڈز کو تلف کرنے کا طریقہ کار طے کیا گیا ہے، جبکہ ایک سے زائد شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے کیس نمٹانے کا نظام بھی آسان بنا دیا گیا ہے۔

نادرا نے یتیم خانوں اور بچوں کے تحفظ کے اداروں کی رجسٹریشن کے لیے بھی نئے قواعد جاری کیے ہیں۔ اسی طرح پاکستان اوریجن کارڈ کے لیے اہلیت کا معیار تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔

سلسلہ نسب کی تصدیق کے لیے درکار دستاویزات اور کارڈ ہولڈر کے حقوق کو بھی نئے ضوابط میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خریداری کے شفاف عمل کو یقینی بنانے کے لیے نادرا پروکیورمنٹ ریگولیشنز کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات ادارے کو جدید بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہیں اور تمام نئے ریگولیشنز نادرا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔