نیتن یاہو کی معافی احتساب سے بچنے کی ناکام کوشش ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
نیتن یاہو کی معافی احتساب سے بچنے کی ناکام کوشش ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو کی معافی ’’احتساب سے بچنے کی ناکام کوشش‘‘ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی اور فلسطینیوں کی شہادتوں میں نیتن یاہو کا کردار ’’سنگین جرم‘‘ کے زمرے میں آتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نیتن یاہو کے اقدامات سے ہزاروں بےگناہ فلسطینی شہید ہوئے، لہٰذا نسل کشی میں شریک تمام افراد برابر کے ذمہ دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کیس میں نیتن یاہو کو معافی دینا ’’انصاف کا دھوکا‘‘ تصور ہوگا اور اس طرح کی رعایت عالمی انصاف کے نظام کے لیے نقصان دہ ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیتن یاہو اور اس کے معاونین احتساب سے نہیں بچ سکتے، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ استثنیٰ کے خلاف مضبوط اور واضح مؤقف اپنائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نسل کشی میں ملوث تمام افراد کو بلااستثنا جواب دہ ہونا چاہیے، جبکہ ان اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنے والے بھی ’’شریکِ جرم‘‘ ہیں۔
خواجہ آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ کے متاثرین کے لیے انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی، اور نیتن یاہو کے جرائم ’’دنیا و آخرت میں فراموش نہیں ہوں گے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نیتن یاہو اور اس کے ساتھیوں کو احتساب سے بچنے دیا گیا تو یہ اقدام ’’تباہ کن‘‘ ثابت ہوگا۔
وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقی اور قانونی انصاف ہر حال میں ہونا ضروری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









