بدھ، 3-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/12هـ (03-12-2025م)

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری؛ حکومت کا اہم فیصلہ

03 دسمبر, 2025 10:43

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم عمر بچوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کرنے اور ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ اس طرح کی کارروائیاں فوراً روک دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی غلطی اصل مسئلہ نہیں، بلکہ والدین کی عدم توجہی اور معاشرتی رویے زیادہ ذمہ دار ہیں، جنہیں بدلنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 سال کی عمر کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان قانونی طریقے سے سفر کر سکیں۔ اسی کے ساتھ صوبے بھر میں ’’ہفتہ آگاہی‘‘ منانے کی بھی ہدایت کی گئی، تاکہ طلبہ اور شہریوں میں روڈ سیفٹی کا شعور بڑھایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلے مرحلے میں صرف وارننگ چالان ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر بہتر عملدرآمد کے لیے پہلی بار ڈرون کیمرے اور باڈی کیم بھی استعمال کیے جائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین شہریوں کی جان بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں، اس لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو ہیلمٹ کی اہمیت سمجھائیں اور انہیں محتاط ڈرائیونگ کی عادت ڈالیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس عوام سے عزت اور احترام کے ساتھ پیش آئے اور بدتمیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب تک 2445 پولیس گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے قانون کی یکساں عملداری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔