نیپا واقعہ: کے ایم سی نے بی آر ٹی اور نجی اسٹور کو سانحے کا ذمہ دار قرار دے دیا
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا فلائی اوور کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے معاملے پر کے ایم سی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ رپورٹ میں حادثے کا واضح ذمہ دار بی آر ٹی تعمیرات اور نجی اسٹور کی انتظامیہ کو قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کے ایم سی نے میئر کراچی کی ہدایت پر فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بچے کی لاش گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے برآمد ہوئی۔ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت نے رپورٹ میں لکھا کہ جائے وقوعہ کے معائنے سے معلوم ہوا کہ حادثہ بی آر ٹی کی کھدائی اور غیر معیاری بندوبست کے باعث پیش آیا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی کھدائی نے پورے نکاسی کے نظام کو متاثر کیا تھا۔ عارضی دو فٹ کے غیر معیاری کور رکھ کر مین ہول کو ڈھانپنے کی کوشش کی گئی تھی، جو ناکافی ثابت ہوئی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ریڈ لائن منصوبے کی ٹیم نے ایک مقام پر مین ہول کھلا چھوڑ دیا تھا، جس کی وجہ سے بچہ نالے میں گر گیا۔
کے ایم سی نے مؤقف اختیار کیا کہ بی آر ٹی نے کھدائی سے قبل بلدیہ عظمیٰ کو آگاہ نہیں کیا۔ کھدائی کے بعد صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا گیا۔ رپورٹ میں نجی اسٹور انتظامیہ کو بھی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی غفلت نے بھی حادثے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے ایم سی کے مطابق اب افسران کی نگرانی میں کھدائی کیے گئے تمام حصے مکمل طور پر بھر دیے گئے ہیں تاکہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








