بدھ، 11-فروری،2026
بدھ 1447/08/23هـ (11-02-2026م)

وفاقی حکومت کا جعلی دستاویزات پر بیرون ممالک جانے والے مسافروں کے خلاف بڑا فیصلہ

05 دسمبر, 2025 14:16

وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک جعلی دستاویزات کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 اس حوالے سے وفاقی وزرا محسن نقوی اور چوہدری سالک حسین کی صدارت میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امیگریشن سسٹم میں اصلاحات اور حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پروٹیکٹر کے اجراء کے نظام کو فول پروف بنایا جائے تاکہ کسی بھی مسافر کی جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک روانگی ممکن نہ ہو۔ وفاقی وزرا نے 7 دن کے اندر حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جنوری سے اسلام آباد میں اے آئی بیسڈ ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جس سے پہلے سے معلوم ہو جائے گا کہ کون سفر کے اہل ہے اور کون نہیں۔ ڈی پورٹ شدہ افراد کو دوبارہ ویزہ نہ ملنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ یکساں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس نیشنل پولیس بیورو سے جاری کیا جائے گا، جبکہ جعلی ویزوں اور ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ گرین پاسپورٹ کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ رابطے جاری ہیں، جبکہ غلط طریقوں سے بیرونِ ملک جانے والے افراد کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن اور نامکمل دستاویزات رکھنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔