بدھ، 11-فروری،2026
بدھ 1447/08/23هـ (11-02-2026م)

افغان سرزمین کے پاکستان کیخلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی تک بارڈر بند رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ

05 دسمبر, 2025 13:30

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کے پاکستان کیخلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی تک بارڈر بند رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے طاہر حسین اندرابی ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے پاک افغان بارڈر کو سیلف ڈیفنس کی بنیاد پر بند کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سرحد اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک افغانستان اس بات کی واضح یقین دہانی نہیں کراتا کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں گرفتار لقمان خان افغان شہری ہے۔ وہ کچھ عرصہ پاکستان میں رہا تاہم اس کی شہریت افغان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرغزستان کے صدر نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، جہاں ان کی وزیراعظم سے وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں۔ دونوں ملکوں نے دوطرفہ روابط مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا اور تجارت کو 2027-28 تک 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف طے کیا گیا۔ دورے کے دوران 15 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔ کرغز صدر نے اسلام آباد میں بزنس فورم سے بھی خطاب کیا، جس میں 20 کرغز کمپنیوں اور 80 سے زائد پاکستانی تاجروں نے شرکت کی۔

طاہر حسین اندرابی کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور باہمی امور پر گفتگو کی۔

بھارتی فضائی حدود سے متعلق ترجمان نے کہا کہ سری لنکا کو امداد کی فراہمی کے لیے بھارت سے اوور فلائٹ کی درخواست کی گئی تھی لیکن بھارت نے انتہائی تاخیر سے جواب دیا۔ جب بھارتی جواب موصول ہوا تو پرواز کی روانگی میں صرف 3 گھنٹے کی مہلت رہ گئی تھی، جو ترجمان کے مطابق درخواست کو مؤثر طور پر مسترد کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پاکستان کے پاس دستاویزی شواہد موجود ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔