ملکی تاریخ میں کسی قیدی کو بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات نہیں ملیں، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں کسی قیدی کو بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات نہیں ملیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاتارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ میگا کرپشن کیس میں سزایافتہ قیدی ہیں، اور ملکی تاریخ میں کسی بھی قیدی کو ان جیسی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں خواتین کو بھی گرفتار کیا جاتا رہا، اور سیاسی مخالفین نے غرور اور تکبر میں یہ تک کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کے اے سی اور پنکھے اتروائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ عظمیٰ خان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران سیاسی گفتگو کی گئی، جس کے بعد ان کی ملاقات بھی آج سے بند کر دی گئی ہے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر نقصِ امن کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ روز روز جیل کے باہر تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر کسی کو بھارتی چینلز کو انٹرویو دینا ہے تو وہ شوق سے دیں، لیکن جیل کے باہر امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن خود اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ صحت مند اور ہشاش بشاش ہیں۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ کچھ عناصر ملکی سالمیت اور دفاع کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، جبکہ حکومت ریاست کی رٹ ہر حال میں برقرار رکھے گی۔
وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ "اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت ملکی معیشت تیزی سے استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین کے لیے ملک کی اہمیت نہیں، یوٹرن لینا ان کا شیوہ ہے، اور انہیں ذاتی و سیاسی مفاد ملکی مفاد پر مقدم ہے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے، اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










