پاکستان سے بڑھ کرکچھ نہیں، ایک شخص کی خواہشات اس حد تک بڑھ چکی ہیں وہ کہتا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں: ترجمان پاک فوج

پاکستان سے بڑھ کرکچھ نہیں، ایک شخص کی خواہشات اس حد تک بڑھ چکی ہیں وہ کہتا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں: ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سے بڑھ کرکچھ نہیں، ایک شخص کی خواہشات اس حد تک بڑھ چکی ہیں وہ کہتا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو مبارک ہو ڈیفنس آف فورسز ہیڈ کوارٹر کا آغاز ہوچکا، چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹر جنگی معاملات پر مکمل آگاہی فراہم کرے گا، چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایک شخص سمجھتا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں، ان کا بیانیہ قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا، ایک شخص نیشنل تھریٹ بن چکا ہے، فوج کو سیاست سے دور رکھیں، ریاست اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ایک شخص اپنی ذات کا قیدی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نے کہا کہ ایک شخص اپنی ذات کا قیدی ہے، بغیر کسی ابہام کے واضح کرنا چاہتے ہیں کوئی بیانیہ نہیں چلے گا، ہم کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا لے کر نہیں چلتے، ایک شخص کی سیاست ختم ہوچکی ہے، کیا ایک شخص کسی اور ملک کی فوج کیلئے راستہ بنانا چاہتا ہے؟ یہ واضح ہے جو یہ چاہتا ہے وہ نہیں ہوسکتا۔
جیل سے پاک افواج کیخلاف مسلسل بیانیہ آرہا ہوتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ملاقات کے بعد جیل سے پاک افواج کیخلاف مسلسل بیانیہ آرہا ہوتا ہے، بیانیہ بنایا جاتا ہے اوورسیز ترسیلات بند کردیں، کبھی آئی ایم ایف کو قرض نہ دینے کا بیانیہ بنایا جاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اپنی ذات کیلئے فوج پر حملہ کرنے والے کے ساتھ نمٹا جائے گا، اپنی سیاست خود کریں، فوج کو سیاست سے دور رکھیں، ان کا سب سے بڑا سہولت کار بھارتی میڈیا ہے، اس ذہنی مریض نے 2 روز پہلے ٹوئٹ کیا ہے، ذہنی مریض کے ٹوئٹ کو دیکھیں کیسے بیانیہ بنایا جاتا ہے۔
را کے اکاؤنٹس ان کے ٹوئٹ والے بیانیے کو چلا رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ را کے اکاؤنٹس ان کے ٹوئٹ والے بیانیے کو چلا رہے ہیں، تم ہو کون؟ کس کی زبان بول رہے ہو، اس شخص نے جی ایچ کیو پر حملہ کروایا تھا، اس کی منطق یہ ہے جو آئی ایس پی آر میں ہے وہ غدار ہے، یہ سمجھتا ہے جو افواج پاکستان سے تعلق رکھے گا وہ غدار ہے، اس کی منطق کے مطابق جن طلبا سے میں ملا ہوں وہ بھی غدار ہیں۔
تم نے کہاں سے یہ علم حاصل کیا، کس کی زبان بول رہے ہو؟ ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نے کہا کہ تم نے کہاں سے یہ علم حاصل کیا، کس کی زبان بول رہے ہو؟ تم ملک کو کیا پیغام دے رہے ہو؟خود کو سمجھتے کیا ہو، اس کو جو ذہنی مرض ہے اس کے اثرات سب دیکھ رہے ہیں، آپ اقتدار میں ہوں تو جمہوریت نہیں تو آمریت، آپ کے پاس ایک صوبے کی حکومت ہے اس پر بات کیوں نہیں کرتے۔
یہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کا دفتر کھلوانا چاہتے تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کا دفتر کھلوانا چاہتے تھے، یہ کونسا آئین و قانون ہے جس کے تحت آپ ایک مجرم سے ملتے ہیں، شہداء کی یادگاروں کو آگ لگوانے والے کو پاک افواج کو غدار کہنے میں کیا مسئلہ ہوگا، وہ سمجھتا ہے اسے سارا علم ہے، اس کے علاوہ سب غلط ہیں۔
تم ایک بڑی سیاسی پارٹی ہو، دہشت گردی پر بات کیوں نہیں کرتے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپ اس کیلئے کام کریں اور اس کے ساتھ چلیں تو سب ٹھیک ہے، تم ایک بڑی سیاسی پارٹی ہو، دہشت گردی پر بات کیوں نہیں کرتے؟ دہشت گردی کیخلاف کھڑے ہونے والے پر فتنہ الخوارج سے حملہ کروادیتے ہیں، اس کی پارٹی سے پوچھیں تو کہتے ہیں ہمیں نہیں معلوم بیانیہ کہاں سے چلتا ہے۔
تم اپنی سیاست پر بات کیوں نہیں کرتے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ تم اپنی سیاست پر بات کیوں نہیں کرتے؟ ملک میں جھوٹ اور فریب کا یہ کاروبار مزید نہیں چلے گا، ہم حق پر ہیں اور حق پر ہی رہیں گے، ہم نے اس ریاست کے تحفظ کی قسم کھائی ہے، ہمارے بچے، سپاہی، افسران پاکستان کیلئے ہر روز جان دینے کو تیار ہیں، سب جانتے ہیں ریاست کے علاوہ ہماری کوئی پہچان، اوقات نہیں۔
کوئی شخص خود کو ریاست سے بالاتر سمجھتا ہے تو وہ غلط ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
انہوں نے کہا کہ کوئی شخص خود کو ریاست سے بالاتر سمجھتاہے تو وہ غلط ہے، یہ فوج مخالف بیانیہ آرگنائزڈ طریقے سے چلاتے ہیں، تمہیں فوج کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ ان کی پوری سیاست فوج کے ارد گرد گھومتی ہے، ذہبی مریض سے لے کر سب فوج سے متعلق بات کرتے ہیں، او بھائی بڑے ہوجاؤ، اصل بیانیے پر آؤ، جعلی بیانیے کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔
خوارجیوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ان کو اس پر کوئی پریشانی نہیں سچ بول رہے ہیں یا جھوٹ، یہ سمجھتے ہیں عوام کو بیوقوف بناسکتے ہیں ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان کے عوام بہت باشعور ہیں، سپاہی اور افسر کا تعلق کسی کلرک یا بابو کا نہیں ہوتا، خوارجیوں کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
فوج نے لڑ کر دکھایا اور پوری دنیا میں اس کی گونج گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوج کے افسر لوئر، مڈل کلاس سے آتے ہیں، ہم عوام سے ہیں، کوئی عوام اور فوج کے درمیان فرق نہیں ڈال سکتا، انہوں نے عوام کو یہ بھی بتایا تھا فوج لڑ نہیں سکتی،صرف سیاست کرسکتی ہے، فوج نے لڑ کر دکھایا اور پوری دنیا میں اس کی گونج گئی، خیبرپختونخوا میں گورنر راج حکومت کا فیصلہ ہوگا، ہم کہیں نہیں جارہے، جب تک پاکستان ہے فوج رہے گی، ہم کھڑے ہیں کھڑے رہیں گے، حق پر ہیں حق پر رہیں گے، اس کا باپ بھی عوام اور پاک فوج میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔
فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے بات چیت نہیں ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے بات چیت نہیں ہوگی، ایک شخص کو بات چیت کا شوق تھا اسی بات چیت کا نتیجہ بھی دیکھ لیا، پاکستان کی ریاست نے بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا، 2021 سے افغان حکومت سے بات چیت کررہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










