پاکستان ہمارا بھی ہے، فوج ہماری بھی ہے، وقت آ گیا ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا بھی ہے، فوج ہماری بھی ہے، وقت آ گیا ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ریاستی اداروں اور سیاسی قیادت کے درمیان ایک دوسرے کو "ذہنی مریض” یا خطرہ قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی جیل میں ہیں، اور اگر ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے تو معاملات بہتر سمت میں جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ کبھی ملک دشمن نہیں رہا اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا:پاکستان ہمارا بھی ہے، فوج ہماری بھی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ سب ایک دوسرے کو تسلیم کریں، اعتماد کو بحال کریں اور ملک میں موجود تناؤ اور انتشار کو کم کریں۔
انہوں نے تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں موجود سیاسی اور سماجی تناؤ کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو "ذہنی مریض” قرار دیا تھا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










