اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بن چکا، عظمیٰ بخاری

Adiala prisoner has become the founder of MQM Part Two, Azma Bukhari
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بن چکا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں دینے والا آج مظلوم بنا بیٹھا ہے، اڈیالہ کی دیواروں نے اس شخص کو ذہنی مریض بنادیا، بانی پی ٹی آئی کی ذہنی کیفیت کا معائنہ کیا جانا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے کہا میری حکومت گرانے سے بہتر پاکستان پر ایٹم بم گرادیتے، بانی پی ٹی آئی منہ پر ہاتھ پھیر کر کہا کرتے تھے چھوڑوں گا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کے اے سی اتروانے والے کا اپنا اے سی اترا ہوا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے ان کی دم پر پیر آیا، 2 ڈھائی سال سے اداروں کے خلاف گندی زبان استعمال کررہے ہیں، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں حلف کی خلاف ورزی کرکے سیاست میں مداخلت کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب آپ ادارے کے سربراہ کیخلاف بکواس کریں گے تو کہیں تو فل اسٹاپ لگے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم کو دنیا میں عزت مل رہی ہے، یہ لوگ پارلیمنٹ سے ذلیل ہو کر باہر نکلے ہیں، پاکستان کی معاشی لحاظ سے ترقی ان کے لیے بری خبر ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو ان کی کوئی فکر نہیں، بانی کی بہنیں اڈیالہ جیل ملنے نہیں،اپنی سیاست چمکانے جاتی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پورے پاکستان میں اس سے زیادہ وی وی آئی پی قیدی نہیں دیکھا، تم کل بھی پاکستان کیخلاف تھے آج بھی پاکستان کے خلاف ہو، شوکت خانم آج بھی چندہ خیرات سے چلتا ہے، نمل یونیورسٹی آج بھی چندے سے چلتی ہے، آرڈی ایس بٹھا کر ان کو وزیراعظم بنایا ان سے ملک نہ چلا۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کو پاگل کہنے والا خود پاگل ہے، پاکستان کیلئے جو اچھی خبر ہوگی وہ اس فتنہ فساد کیلئے بری خبر ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ان کیلئے بری خبر ہے، الیکشن میں منہ کی کھانا پڑی ،جلسے جلوس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا، اڈیالہ کا قیدی بانی ایم کیو ایم پارٹ ٹو بن چکا، فتنہ سیاست اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










