ڈاکٹر وردہ قتل کیس؛ تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے

Dr. Wardah murder case: Shocking revelations uncovered
ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹر وردہ کا قتل کسی اچانک جھگڑے کا نتیجہ نہیں بلکہ مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا۔ کیس میں چار افراد شامل تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان میں سے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے۔ کیس میں اغوا، قتل اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی پتا چلا ہے کہ ڈاکٹر وردہ نے دو سال پہلے اپنی قریبی سہیلی ردا کو زیورات دیے تھے، جو واپس نہیں کیے گئے۔ اسی تنازع کے دوران ردا نے ڈاکٹر کو بہانے سے اپنے زیر تعمیر گھر بلایا، جہاں دیگر ملزمان پہلے سے موجود تھے۔ پولیس کے مطابق ردا نے منصوبے کے تحت ڈاکٹر کو ملزمان کے حوالے کیا، اور ندیم نامی شخص نے پورے وقوعے کی پلاننگ کی تھی۔
واقعے کے بعد مقتولہ کے والد نے پولیس پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چند پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر رشوت لی، جس سے تحقیقات متاثر ہوئیں۔ والد نے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ الزامات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ڈی پی او نے یقین دلایا ہے کہ تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے کیس کو شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










