پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، وزیراعظم

پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انڈونیشیا کے صدر پرابوود سوبیانتو کے 7 سال بعد پہلے دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، کاروبار، صحت، ٹیکنالوجی، زراعت اور حلال تجارت کے شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MOUs) پر دستخط کیے۔
اس دوران پاکستان اور انڈونیشیا نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا اور پاکستانی طلبا کے لیے انڈونیشین اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا۔
چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی ترقی، تاریخی دستاویزات اور ریکارڈ کے تحفظ، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور حلال تجارت و سرٹیفکیشن کے شعبوں میں بھی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کی بات چیت انتہائی مثبت اور تعمیری رہی۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل، ہیلتھ اور ووکیشنل ٹریننگ میں تعاون، پاکستانی ڈاکٹرز اور ماہرین کو انڈونیشیا بھیجنے کے منصوبے، اور باہمی تجارت میں توازن کے امور پر اتفاق ہوا۔
وزیر اعظم نے انڈونیشیا کے صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی تاریخ 75 سال پر محیط ہے اور ہر آزمائش میں پاکستان اور انڈونیشیا کی دوستی ثابت قدم رہی ہے۔
انہوں نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی۔
صدر پرابوود سوبیانتو نے کہا کہ پاکستان میں شاندار استقبال اور فضائی سلامی اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے تعلیم، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا عندیہ دیا اور غزہ کے معاملے پر مشترکہ مؤقف اپنانے کی تصدیق کی۔
صدر سوبیانتو نے وزیر اعظم شہباز شریف کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت بھی دی۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور تعلیمی، اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کی عکاسی کرتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










