جمعرات، 11-دسمبر،2025
جمعرات 1447/06/20هـ (11-12-2025م)

ہم دشمن کو چھپ کے نہیں للکار کر مارتے ہیں، فیلڈ مارشل

10 دسمبر, 2025 19:23

قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں ایک گہرا اور روحانی تعلق ہے۔ انہوں نے اس تاریخی رشتے کو پاکستانی قوم کی نظریاتی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی معاہدہ دونوں ریاستوں کے درمیان ایک ایسے تعلق کی علامت ہے جو عقیدت، ذمہ داری اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے پاکستان کو محافظینِ حرمین شریفین کا شرف عطا کیا ہے، جو نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ ایک بھاری ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علم کے زوال کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد الارض نے اپنی جگہ بنا لی”۔ انہوں نے قوم کو باور کرایا کہ عزت، وقار اور طاقت کبھی تقسیم سے حاصل نہیں ہوتی بلکہ محنت، علم اور اتحاد ہی کامیابی کا اصل ذریعہ ہیں۔

فیلڈ مارشل نے بھارتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "ہم دشمن کو چھپ کر نہیں، للکار کر مارتے ہیں” اور پاکستان ہمیشہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار رہے گا۔

جہاد کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا حکم صرف ریاست ہی دیتی ہے، کوئی گروہ یا فرد اس کا اعلان نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کو اللہ کی نصرت سے ہمیشہ کامیابیاں ملتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ملتی رہیں گی۔

کانفرنس سے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علماء پر زور دیا کہ وہ قوم کو متحد رکھیں، اختلافات ختم کریں اور عوام کی سوچ کو وسیع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اور مشائخ معاشرتی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے ضامن ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔