الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست مسترد کر دی

الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست مسترد کر دی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست رد کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ الیکشن طے شدہ تاریخ کے مطابق ہی ہوں گے۔
جاری کیے گئے تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی پولنگ 28 دسمبر کو ہی ہوگی اور اس ضمن میں صوبائی حکومت سمیت تمام متعلقہ ادارے آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل تعاون فراہم کریں۔
فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کو اولین ترجیح دی جائے، ووٹرز، امیدواروں اور پولنگ عملے کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور ضلع بھر میں پرامن و بلا تعطل پولنگ کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپنا نوٹ تحریر کیا ہے۔
ان کے مطابق شدید سردی میں کوئٹہ کا بڑا حصہ آبادی شہر چھوڑ کر دیگر علاقوں کا رخ کرتا ہے، جس کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ نمایاں طور پر متاثر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن اس وقت تک مؤخر کیے جائیں جب تک حالات معمول پر نہ آ جائیں۔
الیکشن کمیشن نے تاہم اکثریتی رائے سے فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











