بدھ، 10-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/19هـ (10-12-2025م)

گلشن اقبال: فلیٹ میں 3 خواتین کی موت، باپ اور بیٹے نے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

10 دسمبر, 2025 15:15

کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے ایک فلیٹ سے ماں، بیٹی اور بہو کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال خواتین کی موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاع گھر کے سربراہ محمد اقبال کی جانب سے دی گئی تھی، اور شروع میں یہ خیال کیا گیا کہ گیس بھرنے کی وجہ سے خواتین کی موت واقع ہوئی۔ لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ سے معلوم ہوا کہ ان میں سے ایک لاش اطلاع ملنے والے دن سے دو روز پرانی تھی۔

حکام نے بتایا کہ گھر سے یاسین نامی شخص بھی نیم بے ہوشی کی حالت میں ملا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا، جب گھر کے سربراہ کے بیٹے یاسین سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ بیان دینے میں تذبذب کا شکار تھا۔

اس پر پولیس نے معاملے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے محمد اقبال اور ان کے بیٹے یاسین کو حراست میں لے لیا۔

پولیس سرجن کے مطابق یہ ایک پیچیدہ کیس ہے اور نیم بے ہوشی میں ملنے والے نوجوان کے خون میں بھی کچھ مشکوک علامات پائی گئی ہیں، جن سے موت کے امکان پر تحقیق جاری ہے۔

مزید برآں، پولیس حکام کے مطابق دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ گھر کا سربراہ محمد اقبال مبینہ طور پر جادو ٹونے کا کام کرتا ہے۔ پولیس ہر پہلو سے کیس کی چھان بین کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ فیملی پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد قرض ہے اور گھر کے ساتھ ایک گاڑی بھی کرائے پر لی گئی ہے۔ یاسین پراپرٹی کا کام کرتا ہے۔ پولیس نے والد کے پاس سے ایک خط بھی تحویل میں لیا ہے جس کی جانچ جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد خواتین کی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی، تاہم یہ بات سامنے آئی کہ تین لاشوں میں سے ایک دو روز پرانی تھی۔

یاد رہے کہ تین روز قبل یہ واقعہ منظر عام پر آیا تھا اور گھر کے سربراہ نے ون فائیو پر خود اطلاع دی تھی، جس پر ابتدائی تحقیقات کے دوران معاملے کو مشکوک قرار دیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔