بدھ، 10-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/19هـ (10-12-2025م)

اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا ختم، پولیس اور کارکنان کے درمیان شدید کشیدگی؛ کارکنان کی جانب سے پتھراؤ

10 دسمبر, 2025 09:15

اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عمران خان کی بہنوں کا دھرنا پولیس کی کارروائی کے بعد رات 2 بجے ختم کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن استعمال کیا، جس کے دوران سینیٹر مشتاق بھی بہنوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچے اور واٹر کینن کی زد میں آگئے۔

مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ دی گئی، جس پر کارکنان اور بہنیں فیکٹری ناکے پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔

پولیس نے علیمہ خان کی قیادت میں دھرنے میں شامل کارکنان کو پرسکون رہنے اور پیچھے ہٹنے کی ہدایت کی، علیمہ خان نے کہا کہ پولیس ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے درمیان کوئی لڑائی نہیں، کارکنان کو پیچھے کرنے کا مقصد صرف خواتین کی حفاظت ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جا رہی، اور گزشتہ ملاقات میں ان کی بہن نے کوئی سیاسی بات نہیں کی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کو کس کے حکم پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے وہ اسی مقصد کے لیے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور دھرنے کی قیادت کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے لیکن کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔

دھرنے کی قیادت نے مطالبہ کیا کہ مذاکرات کے دوران قبضے میں لی گئی تمام گاڑیاں واپس کی جائیں، جس کے بعد دھرنا ختم کیا گیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی 14 سرکاری اور نجی گاڑیاں تھانے منتقل کر دی تھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔