انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے، عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں؛ بانی پی ٹی آئی

انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے، عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں؛ بانی پی ٹی آئی
اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے، عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ انصاف کے تمام دروازے بند کر دیے گئے ہیں اور عدالتوں میں کیسز نہیں سنے جا رہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر آکر اپنی آواز بلند کریں کیونکہ موجودہ حالات میں احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان تمام گرفتار افراد، خاص طور پر خواتین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کی اجازت دینے کے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ آج بانی پی ٹی آئی کو وکیل سلمان صفدر سے مختصر ملاقات کی اجازت ملی، لیکن جب فیصلہ سنایا جا رہا تھا تو نہ عمران خان کو پیش کیا گیا اور نہ ہی ان کے وکیل موجود تھے۔
عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں صرف اہلیہ ہونے کی وجہ سے جیل میں رکھا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










