عارف حبیب کنسورشیم نے135 ارب روپے میں پی آئی اے کو خریدلیا

اسلام آباد: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل مکمل ہو گیا، جس کے تحت عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے کو 135 ارب روپے میں خرید لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کا مرحلہ وار عمل شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر مشیر نجکاری کمیشن محمد علی نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد قومی ایئرلائن کو محض فروخت کرنا نہیں بلکہ اسے مالی اور انتظامی طور پر مستحکم کر کے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
محمد علی کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے قومی ایئرلائن ماضی کی طرح ایک مضبوط اور بہتر ادارہ بنے۔ نجکاری کے تحت پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز فروخت کیے گئے ہیں، جبکہ بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ایئرلائن کی بحالی اور بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔
مشیر نجکاری کمیشن نے مزید بتایا کہ ادائیگی کے طریقہ کار کے مطابق دو تہائی رقم ابتدائی مرحلے میں جبکہ ایک تہائی رقم بعد ازاں ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کامیاب بڈر کو بولی کے بعد مزید دو پارٹیز کو کنسورشیم میں شامل کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بولی کے پہلے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے 101.5 ارب روپے جبکہ ایئر بلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی دی تھی، جبکہ عارف حبیب کنسورشیم نے پہلے مرحلے میں 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی لگائی تھی۔
دوسرے مرحلے میں لکی کنسورشیم نے اپنی بولی بڑھا کر 120.25 ارب روپے کر دی، تاہم عارف حبیب کنسورشیم نے 121 ارب روپے کی بولی دے کر سبقت حاصل کی۔ بعد ازاں حتمی مرحلے میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی پیشکش کے ساتھ پی آئی اے کی نجکاری کا سودا اپنے نام کر لیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








