پاکستانی معیشت کی ترقی کا عالمی سطح پر اعتراف

پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں تاریخی پیش رفت، عالمی شراکت داری کا نیا باب کھل گیا
اسلام آباد: حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد سے مثبت معاشی اشاریے سامنے آ رہے ہیں۔
امریکی جریدے یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق پاکستان نئی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جہاں مؤثر اصلاحات اور نجی شعبے میں جدت سرمایہ کاری کے مجموعی منظرنامے کو تبدیل کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان مستحکم ادارہ جاتی نظم و ضبط، بہتر میکرو اکنامک صورتحال اور اہم شعبوں میں مضبوط قیادت کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہا ہے۔
یو ایس اے ٹو ڈے کا کہنا ہے کہ یہ تمام عوامل پاکستان کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط اور مواقع سے بھرپور مارکیٹ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ بینکنگ شعبے میں ڈیجیٹل رجحانات کے تحت صارفین کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ کا شعبہ بھی عالمی سطح پر شہرت حاصل کر رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مستحکم توانائی کی فراہمی نے مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور برآمداتی خدمات میں نئے مواقع پیدا کیے ہیں، جبکہ بہتر میکرو اکنامک استحکام کے باعث بڑے مینوفیکچررز آٹوموٹیو صنعت میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیکسٹائل، فرٹیلائزر، پیکجنگ اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکشن جیسے تیزی سے بڑھتے شعبوں میں بھی نمایاں ترقی دیکھی جا رہی ہے۔ معدنیات کا شعبہ ایک اور ابھرتا ہوا شعبہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ ہاؤسنگ مارکیٹ بھی اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق پاکستان میں سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں بھی اہم مواقع سامنے آ رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نجی شعبے کے ساتھ مل کر طویل مدتی ترقی کی بنیادیں مضبوط کر رہا ہے، جہاں نجی شعبہ مزید مضبوط، ٹیکنالوجی سے بھرپور اور عالمی معیشت سے ہم آہنگ ہوتا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









