قائداعظم کے یومِ پیدائش پر افواجِ پاکستان کا خراجِ عقیدت، ملکی سلامتی اور قومی استحکام کے عزم کا اعادہ

قائداعظم کے یومِ پیدائش پر افواجِ پاکستان کا خراجِ عقیدت، ملکی سلامتی اور قومی استحکام کے عزم کا اعادہ
قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر افواجِ پاکستان نے بابائے قوم کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف کی جانب سے قائداعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کیا گیا۔
مسلح افواج نے قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ مسلح افواج نے قومی استحکام، امن اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مسلح افواجِ پاکستان نے پاکستانی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دی اور قومی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور ہم آہنگی کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائداعظم کے نظریات کی حفاظت کے لیے ثابت قدم ہیں۔
عسکری قیادت کے مطابق افواجِ پاکستان قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر کاربند ہیں۔
عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور مادرِ وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں۔ افواجِ پاکستان قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے پوری لگن کے ساتھ کوشاں ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









