جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعہ 1447/07/27هـ (16-01-2026م)

بابائے قوم، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ پیدائش آج منایا جا رہا ہے

25 دسمبر, 2025 08:00

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 149 واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقریبات، سیمینارز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان تقریبات میں قائداعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جدوجہد اور قیامِ پاکستان میں ان کی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک ممتاز قانون دان اور دور اندیش سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی اصولی سیاست، غیر متزلزل عزم اور قیادت کے ذریعے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کو ممکن بنایا۔

ایمان، اتحاد اور تنظیم کا سنہرا اصول قائداعظم کی فکر اور جدوجہد کا محور رہا۔ انہوں نے اپنی سچائی، دیانت اور مضبوط کردار سے دنیا کو یہ باور کرایا کہ مخلص قیادت قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

برصغیر میں نہرو، گاندھی اور پٹیل جیسے قد آور رہنماؤں کی موجودگی کے باوجود قائداعظم نے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے قیام کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا۔ ان کا تصورِ پاکستان ایک ایسی ریاست تھا جہاں تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور انصاف میسر ہو۔

قائداعظم محمد علی جناح ان عظیم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے تاریخ کا رخ موڑ دیا۔ دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو الگ وطن دلانے میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا قائداعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یوم پیدائش پر پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یومِ پیدائش پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن تجدیدِ عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب اور معاشرتی رواداری و ہم آہنگی کا درس دیا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظم کے سنہری اصول ہیں، جو روشن اور مضبوط قومی مستقبل کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا رخ موڑ کر پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا اور مسلمانوں کے لیے ایک آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔