شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دیں، صدر مملکت

President Zardari Pays Tribute to Benazir Bhutto on 18th Death Anniversary
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے آمریت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کا دفاع کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں۔ وہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں جمہوری جدوجہد کی علامت بن کر ابھریں۔
صدر مملکت کے مطابق غریب، کسان اور مزدور شہید بینظیر بھٹو کی سیاست کا مرکز رہے۔ ان کی تمام پالیسیوں کا مقصد عام آدمی کی زندگی بہتر بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور فلاح محترمہ بینظیر بھٹو کی اولین ترجیحات میں شامل تھیں۔ وہ نوجوان نسل کو بااختیار دیکھنا چاہتی تھیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو فرقہ واریت، انتہاپسندی اور عدم برداشت کے خلاف ایک مضبوط آواز تھیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ان کے سیاسی وژن کا اہم حصہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ “جمہوریت بہترین انتقام ہے” محترمہ بینظیر بھٹو کا وہ پیغام ہے جو آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہا ہے۔ انہوں نے نفرت کے بجائے اتحاد اور مفاہمت کا راستہ دکھایا۔
صدر مملکت نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد سے سبق حاصل کرے اور ایک مضبوط، جمہوری پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی اور ہم ایک جمہوری اور مضبوط پاکستان کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









