انٹیلی جنس اداروں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کمسن بچی کو خودکش حملے کے منصوبے سے بچا لیا، وزیر داخلہ سندھ

انٹیلی جنس اداروں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کمسن بچی کو خودکش حملے کے منصوبے سے بچا لیا، وزیر داخلہ سندھ
کراچی میں وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایک اہم نیوز کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیم بی ایل اے سے وابستہ ریاست مخالف عناصر نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن بچی کی سوشل میڈیا کے ذریعے ذہن سازی کر کے اسے خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے کی سازش کی تھی، جسے بروقت انٹیلی جنس کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر ہمارے بچوں کو ہمارے ہی خلاف استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نوعمر لڑکے اور لڑکیوں کو ورغلایا جا رہا ہے، جہاں نفرت انگیز اور گمراہ کن مواد دکھا کر انہیں جعلی ہیروز اور فرسودہ کہانیوں کے ذریعے متاثر کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست مخالف عناصر نے بچی سے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا، اسے واٹس ایپ گروپس میں شامل کیا گیا جہاں کالعدم بی ایل اے کی کارروائیوں کو بہادری اور قربانی کے طور پر پیش کیا جاتا رہا۔ مسلسل رابطوں، تقاریر اور لنکس کے ذریعے بچی کی ذہن سازی کی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی محمد آزاد خان کے مطابق یہ ایک سنگین دہشتگرد نیٹ ورک کی سازش تھی۔ بچی کو ریاست مخالف مواد فراہم کیا جاتا رہا اور بی ایل اے کے ریکروٹنگ ایجنٹس اس سے براہِ راست رابطے میں تھے۔ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو تحویل میں لے لیا گیا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
متاثرہ بچی نے بیان میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر بار بار نفرت انگیز مواد دکھائے جانے سے آہستہ آہستہ وہ سب کچھ سچ لگنے لگا اور اس کے ذہن میں یہ بات ڈال دی گئی کہ جان دینا ہی سب سے بڑا مقصد ہے۔
بچی کا کہنا تھا کہ آج اسے احساس ہوا ہے کہ وہ کس تباہی کی طرف جا رہی تھی، اور خواتین و بچیوں کی قربانی کو بلوچیت کہنا سراسر غلط ہے۔
بچی کی والدہ نے کہا کہ عوامی مفاد میں انہوں نے یہ بیان دینے کا فیصلہ کیا تاکہ دیگر والدین بھی ہوشیار رہیں اور اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔
وزیرداخلہ سندھ نے بتایا کہ بچی کے دو بھائی ہیں جن میں سے ایک پولیس میں ملازم ہے، اس کے باوجود دہشتگرد عناصر نے اسے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں خودکش حملوں کے لیے اس بچی کو تیار کیا جا رہا تھا، تاہم ریاستی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے بچی کو محفوظ بنا لیا۔
نیوز کانفرنس کے اختتام پر وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ یہ بچی اور اس جیسے تمام بچے اس ملک کا روشن مستقبل بنیں، نہ کہ دشمن کے ناپاک عزائم کا ایندھن۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











