منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں تاریخ ساز پیشرفت

30 دسمبر, 2025 09:06

اسلام آباد: پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں ایک اہم اور تاریخ ساز پیشرفت سامنے آئی ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر اور تدبیری حکمتِ عملی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے نئے امکانات روشن ہو گئے ہیں، جس سے پاکستان کی وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے درمیان حلال میٹ ایکسپورٹ میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کے تحت پاکستان تاجکستان کو 1 لاکھ 43 ہزار ٹن حلال گوشت برآمد کرے گا۔ اس معاہدے کا مجموعی مالی حجم 14.5 ملین ڈالر بتایا جا رہا ہے، جو پاکستان کے لائیوسٹاک اور حلال فوڈ سیکٹر کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مؤثر تجارتی سہولیات اور بہتر رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو آئندہ برسوں میں 300 ملین ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف علاقائی اقتصادی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ وسطی ایشیا میں پاکستان کی تجارتی شناخت بھی مستحکم ہوگی۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے براہِ راست پروازوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے، تاکہ کاروبار، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہو سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلیمی تعاون میں بھی پیش رفت ہوئی ہے، جہاں طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کا اعلان کیا گیا ہے۔

میٹ پروسیسنگ اینڈ ایکسپورٹ کے ہیڈ نوید اقبال کے مطابق خلیجی ممالک کو میٹ ایکسپورٹ سے بڑے پیمانے پر کاروباری مواقع پیدا ہوں گے اور فارن ایکسچینج میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور میٹ ایکسپورٹ سے کسانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جو ملکی معیشت میں خوشحالی کا باعث بنیں گے۔

نوید اقبال نے مزید بتایا کہ ایس آئی ایف سی کی انتھک محنت اور جامع سہولت کاری کے باعث پاکستان کی میٹ ایکسپورٹ 9 ممالک سے بڑھ کر 13 ممالک تک پہنچ چکی ہے۔ حال ہی میں پاکستان اور برازیل کے درمیان بھی لائیوسٹاک، ڈیری اور گوشت کی صنعت میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے، جو اس شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کا مظہر ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔