رواں سال کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر کتنی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں؟ تشویشناک اعداد و شمار جاری

رواں سال کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر کتنی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں؟ تشویشناک اعداد و شمار جاری
کراچی: شہرِ قائد میں کھلے مین ہولز اور نالوں کا مسئلہ ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن گیا ہے۔
پیر کے روز کراچی میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کھلے مین ہول میں گرنے سے ایک کمسن بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ اس تازہ واقعے کے بعد رواں سال کھلے مین ہولز اور نالوں میں گر کر جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہو چکی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں کم عمر بچے، بچیاں اور بالغ افراد بھی شامل ہیں۔
چند روز قبل کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں بھی ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا تھا، جہاں 8 سالہ بچہ گھر کے باہر کھیلتے ہوئے کھلے گٹر میں جا گرا۔ بعد ازاں بچے کی لاش اس کے قریبی رشتہ دار نے گٹر سے نکالی۔ بچے کی شناخت دلبر کے نام سے ہوئی تھی۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں گلشنِ اقبال کے علاقے نیپا چورنگی کے قریب تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا تھا، جس کی لاش طویل تلاش کے بعد تقریباً 14 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے برآمد ہوئی تھی۔
افسوسناک پہلو یہ ہے کہ گلشن اور کورنگی میں پیش آنے والے دونوں واقعات میں جاں بحق ہونے والے بچے اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے، جس سے خاندانوں پر ناقابلِ تلافی صدمہ ٹوٹ پڑا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر کھلے مین ہولز کو بند کریں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات کا سلسلہ روکا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











