مریم نواز نے عوام سے جو وعدے کیے ان پر عمل جاری ہے، عظمیٰ بخاری

مریم نواز نے عوام سے جو وعدے کیے ان پر عمل جاری ہے، عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے عوام سے جو وعدے کیے ان پر عمل جاری ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں اور تاریخی اقدامات کیے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز جنوری میں سرگودھا کارڈیالوجی اسپتال کا افتتاح کریں گی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق 85 کینال اراضی پر محیط اس جدید کارڈیالوجی اسپتال میں علاج کی تمام جدید سہولیات موجود ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک جدید کینسر اسپتال بھی زیرِ تعمیر ہے جبکہ نواز شریف کینسر اسپتال جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ایک ہزار بیڈز پر مشتمل سرکاری کینسر اسپتال کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت عوام کو ادویات ان کی دہلیز پر فراہم کر رہی ہے جو وزیر اعلیٰ کا فلیگ شپ مشن پروگرام ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ادویات کی فراہمی بند کر دی گئی تھی، تاہم مریم نواز نے او پی ڈیز میں ادویات کی فراہمی بحال کر دی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ تمام صوبوں کے بچوں کی ہارٹ سرجریز کی جا چکی ہیں، جو حکومت کے صحت دوست اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوام سے جو وعدے کیے تھے ان پر عملی طور پر کام جاری ہے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ انسولین بھی مریضوں کو گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی جبکہ سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین پنجاب کے تمام اسپتالوں میں دستیاب ہے۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے عوام کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









