منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں کونسے روٹ پر چلیں گی؟

30 دسمبر, 2025 16:38

سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کے لیے جدید سفری سہولیات کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا لیا ہے۔

 صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سروس کو نئے سال کے تحفے کے طور پر متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو آرام دہ اور بہتر سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔

شرجیل میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن سے منسلک کرنے کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں قائم اورنج لائن ڈپو کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا پہلا بی آر ٹی نظام ہے جہاں ایک ہی کارڈ کے ذریعے مختلف لائنوں پر سفر ممکن ہوگا۔ اب مسافروں کو الگ الگ ٹکٹ یا دوہرا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔

صوبائی وزیر کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ اس مربوط نظام کے تحت روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافر سفر کر سکیں۔ گرین لائن اور اورنج لائن کو یکجا کرنے سے شہریوں کا وقت اور پیسہ دونوں بچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بسیں ابتدائی طور پر ملیر سے شارع فیصل تک چلائی جائیں گی اور ان کا کرایہ پیپلز بس سروس کے برابر رکھا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ فی الحال یہ سروس تجرباتی بنیادوں پر محدود روٹس پر شروع کی جا رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے کے بعد بسوں کی تعداد اور روٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ڈبل ڈیکر بسوں کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ کم جگہ میں زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت ملتی ہے، جس سے سڑکوں پر دباؤ بھی کم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ریڈ لائن منصوبے میں درپیش مسائل کو وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر حل کر لیا گیا ہے اور وہاں ترقیاتی کام دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ حکومت سندھ چار کلومیٹر طویل نئے اورنج لائن منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جبکہ الیکٹرک وہیکل بسیں بھی کراچی پہنچ چکی ہیں، جن کے لیے جلد نئے روٹس کا اعلان کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔