جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر

31 دسمبر, 2025 19:16

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں بلوچستان سے متعلق 18ویں قومی ورکشاپ کے شرکاء نے ملاقات کی۔

ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں تشدد اور بدامنی کے فروغ کے لیے پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جس کا مقصد صوبے میں جاری ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہیں۔

فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کو دہشت گردی اور عدم استحکام سے نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ انہوں نے بلوچستان کی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ حوصلہ، استقامت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ ان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سول سوسائٹی کا کردار منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اہم ہے اور ذاتی یا محدود سیاسی مفادات کو پسِ پشت ڈالنا ضروری ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل پائیدار ترقی اور خوشحالی سے جڑا رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔