بلومبرگ کا پاکستان کی معیشت پر مثبت جائزہ، مہنگائی میں نمایاں کمی اور پالیسی استحکام کی تصدیق

بلومبرگ کا پاکستان کی معیشت پر مثبت جائزہ، مہنگائی میں نمایاں کمی اور پالیسی استحکام کی تصدیق
عالمی مالیاتی اعدادوشمار اور مارکیٹس پر نظر رکھنے والے مستند ادارے بلومبرگ نے پاکستان کی معیشت سے متعلق اپنی تازہ جائزہ رپورٹ میں مہنگائی میں واضح بہتری اور پالیسی استحکام کی تصدیق کر دی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق دسمبر میں افراطِ زر کم ہو کر 5.6 فیصد رہا، جو نہ صرف مارکیٹ توقعات سے کم ہے بلکہ نومبر کے 6.1 فیصد کے مقابلے میں بھی نمایاں کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خوراک کی قیمتوں میں دباؤ کم ہونے سے غذائی افراطِ زر 3.24 فیصد تک محدود رہا، جس کی بنیادی وجہ خوراک کی بہتر دستیابی اور سپلائی میں بہتری ہے۔
بلومبرگ کا کہنا ہے کہ کم مہنگائی نے مارکیٹ میں استحکام پیدا کیا اور عوام کے لیے ریلیف کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔ توقعات سے کم افراطِ زر نے سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کے اعتماد میں اضافہ کیا جبکہ معاشی پالیسی کی درست سمت کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے قیمتوں میں استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ میں 50 بیسس پوائنٹس کمی کی، جس کے بعد شرحِ سود تقریباً تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ یہ کمی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ قیمتوں کا دباؤ اب قابلِ کنٹرول ہے۔
بلومبرگ نے کہا کہ کم شرحِ سود سے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے فنانسنگ نسبتاً سازگار ہونے کی امید بڑھی ہے، جبکہ قیمتوں کے استحکام نے سرمایہ کاری کے ماحول کے لیے مثبت سگنل دیا اور معاشی غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کم مہنگائی سے عوام کی قوتِ خرید میں بہتری کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور دسمبر کے اعدادوشمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومتی اور مالیاتی پالیسی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ بلومبرگ کے مطابق مہنگائی کا مسلسل نیچے آنا مڈ ٹرم معاشی استحکام اور بہتر گورننس کی بنیاد مضبوط ہونے کی علامت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









