تیل و گیس کی سپلائی چین ڈیجیٹل کرنے سے اسمگلنگ روکنے اور خزانے کو فائدہ ہوگا: وزیراعظم

غریبوں کے استحصال کا رائج نظام حکومت نے شفاف نظام میں تبدیل کردیا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک سے تیل و گیس کے اہم ذخائر دریافت ہونے پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب بڑھنے کے لیے تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا، تاکہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر خرچ ہونے والا قیمتی زرِ مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تیل و گیس کی سپلائی چین کو درآمد کے مرحلے سے لے کر صارف تک مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے۔ ڈیجیٹائزیشن سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ اسمگلنگ جیسے مسائل پر بھی مؤثر قابو پایا جا سکے گا، جس سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا۔
اجلاس کے دوران آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ کوہاٹ کے ناشپا بلاک میں کامیاب کھدائی کے بعد تیل اور گیس کے نمایاں ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق اس کنویں سے روزانہ تقریباً 4 ہزار 100 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ یومیہ 10.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس بھی پیدا ہوگی۔
او جی ڈی سی ایل حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک کھدائی کی گئی، جبکہ منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کے ساتھ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شراکت دار ہیں۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی دریافتیں ملک کے توانائی بحران پر قابو پانے اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کریں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









